کنداپور ، 19 / مئی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر موجود گوڈمی ٹول گیٹ پر مقامی گاڑیوں کو ٹول فیس سے جو رعایت حاصل تھی اسے ختم کیے جانے کے خلاف راشٹریہ ہید داری ہوراٹا سمیتی نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
سمیتی کے صدر شام سندر بیاری نے بتایا کہ "نو یگ کمپنی نے اس سے قبل پنچایت حدود کی تمام موٹر گاڑیوں کو ٹول فیس ادا کیے بغیر سفر کرنے کی اجازت دی تھی ۔ لیکن اب ہائی وے تعمیراتی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی اس رعایت کو ختم کر دیا ہے ۔ یہ قابل اعتراض بات ہے ۔ ہم لوگ اپنا احتجاج تب تک جاری رکھیں گے جب تک ٹول فیس کی رعایت بحال نہیں کی جاتی ۔"
احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ٹول گیٹ وصولی سے متعلقہ افسران موقع پر پہنچ کر ان کی بات سنیں ، لیکن جب کوئی بھی افسر موقع پر نہیں پہنچا تو مظاہرین نے ٹول گیٹ کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی ۔ برہماور سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کی ۔ سرکل انسپکٹر نے مظاہرین سے وعدہ کیا کہ پیر کے دن 20 مئی کی شام پانچ بجے ان کی اور متعلقہ افسران کی ملاقات کا انتظام کیا جائے گا ۔ اس کے بعد مظاہرین نے یہ کہتے ہوئے اپنا احتجاج ملتوی کر دیا کہ اگر پیر کی شام کو ہونے والی میٹنگ کا کوئی مثبت نہیں نکلا تو پھر سے احتجاج شروع کیا جائے گا ۔